دوسری شادی


میری زندگی کی کہانی بڑی عجیب ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ میں غریب اور محبت کے دو پاٹوں کے بیچ بے قصور پس گئی۔ ہمارا کالج کو ایجوکیشن تھا، کیونکہ چھوٹا شہر تھا اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کالج قائم کرنا ممکن نہ تھا۔ میں ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی تھی۔ امی ابو نے میٹرک تک تو لڑکیوں کے کالج میں پڑھا دیا، لیکن وہ مجھے کو ایجوکیشن کی وجہ سے کالج داخل کرانے کے حق میں نہ تھے۔ میں گھر میں چھوٹی اور بھائی بڑے تھے۔ وہی میری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ تھے، ورنہ ابو جان، جو مجھ سے بہت پیار کرتے تھے، وہ مان ہی جاتے۔ میں نے بھی ہمت نہ ہاری اور پھپھو سے جا کر فریاد کی کہ مجھے کالج میں داخلہ لینا ہے، آپ میرا ساتھ دیجیے۔ ان کا بیٹا تیمور مجھ سے بہت پیار کرتا تھا۔ وہ میری آنکھ میں آنسو نہیں دیکھ سکتا تھا، یوں بھی بچپن سے ہی پھپھو نے مجھے اس کے لیے مانگ لیا تھا، سو وہ سینہ سپر ہو گیا۔ اس نے اپنی اماں سے کہا کہ جا کر اپنے بھائی جان کو راضی کیجیے، جب مجھے کوئی اعتراض نہیں تو میری منگیتر کے بھائیوں کو کیا اعتراض ہے؟ آخر کو اس نے میرا ہونا ہے اور مجھے کالج کی پڑھی لکھی لڑکی چاہیے۔ اس کی یہ بات کام دکھا گئی۔ پھپھو نے جا کر ابو سے کہا اور میری طرف سے مقدمہ لڑا، یوں میری بات مان لی گئی اور کالج میں کو ایجوکیشن کے باوجود داخلہ دلوا دیا گیا۔ اگرچہ ان دنوں یہ بات ہمارے خاندان کے لیے معیوب بلکہ ناممکن تھی، تاہم تیمور نے ابو اور میرے بھائیوں کو تسلی دی اور میں کالج جانے لگی۔

تیمور اکثر ہمارے گھر آیا کرتا تھا، لیکن اس کو دیکھ کر نہ میرا دل دھڑکتا تھا اور نہ ہی کوئی جذباتی قسم کا دورہ پڑتا تھا، بس اتنا ہوتا تھا کہ میں کچھ شرما جاتی، ویسے میں اس کی دیوانی نہیں تھی۔ جب کالج میں داخلہ لیا، تو اس کا دھیان دل سے بالکل ہی جاتا رہا، بلکہ عجیب سی تشنگی محسوس ہوتی تھی، جیسے دل کسی اور کی راہ تکتا ہو۔ اب میں لاکھ دل کو سمجھاتی تھی کہ تیری منزل تیمور ہے، لیکن دل اس بات کو تسلیم نہیں کرتا تھا۔ کالج میں داخلہ تو لے لیا تھا لیکن مجھے یہاں بہت سنبھل کر رہنا تھا، کیونکہ خاندان والوں کی نظریں مجھ پر تھیں۔ ذرا سی لغزش مجھے کھائی میں گرا سکتی تھی۔ خدا خدا کر کے ایک سال خیریت سے گزر گیا اور امتحان کے دن نزدیک آگئے۔

ایک دن میرے کلاس فیلو سلیم نے مجھ سے عمرانیات کے نوٹس مانگے، مجھے اس کا بے تکلف ہونا اچھا نہ لگا۔ میں کسی لڑکے سے راہ رسم بڑھانا نہیں چاہتی تھی۔ میں نے شائستگی سے اس کو انکار کر دیا اور رابطے کی یہ راہ بند کر دی۔ گھر جا کر مجھے احساس ہوا کہ میں نے خواہ مخواہ تنگ دلی کا مظاہرہ کیا۔ اس کو نوٹس دے دیتی تو کیا تھا؟ اس کے بعد یہ افسوس ایسا میرے دل میں جاگزیں ہوا کہ عجیب عالم ہوتا گیا، پھر یہ کیفیت ہو گئی کہ وہ جدھر سے گزرتا، نظر اس کے تعاقب میں چلی جاتی۔ جلد ہی سلیم کو بھی اس بات کا احساس ہو گیا اور اس کا ردعمل یہ ہوا کہ وہ مجھے اپنی جانب دیکھتے پا کر مسکرا دیا کرتا۔ بہت چاہا کہ اپنے آپ کو سلیم سے دور رکھوں، مگر دوریاں سوچنے سے قربتیں بڑھتی گئیں، پھر ایک دن ایسا آ گیا کہ کالج جانے کا مقصد ہی سلیم رہ گیا۔ اس کا کالج آنا بھی صرف میرے لیے تھا۔

بی اے کے بعد سلیم نے اپنے والد کا کاروبار سنبھال لیا اور میں اس کی آرزو لیے گھر بیٹھ گئی۔ اب ڈر یہ تھا کہ کہیں تیمور کی والدہ شادی کے معاملات طے کرنے گھر نہ آ جائیں، کیونکہ میرے دل میں اپنے کزن سے شادی کی نہ آرزو تھی، نہ لگن۔ تیمور اپنے والد کے کاروبار کو نہ سنبھال سکا، بلکہ اس کو کاروبار سے دلچسپی نہ تھی، جس کا شکوہ اس کے والدین کو تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ یہ کاروبار سنبھال لے، تو اس کی شادی کی بات چلائیں، لیکن وہ شعر و شاعری میں پڑا تھا۔ ہمہ وقت اپنے خیالات کی دنیا میں گم رہنے والا انسان تھا۔ اس کو روپے پیسے سے کوئی دلچسپی نہیں تھی، جو جیب خرچ اس کے والد دیتے تھے، وہ اس کو ہی کافی سمجھتا تھا۔ وہ ہمارے گھر اب بھی آتا تھا، مگر میرے دل کے بت خانے میں کوئی اور صنم سجا ہوا تھا، میرا رویہ اس سے بدل چکا تھا۔ میں اس کے ساتھ نہ صرف بے رخی سے بات کرتی تھی بلکہ کبھی کبھی ایسی بات بھی کہہ جاتی، جس سے اس کا محبت بھرا دل زخمی ہو جاتا، مگر میں یہ احساس کر ہی نہیں سکتی تھی کہ اس کے دل پر میری بے رخی سے کیا گزرتی ہے۔ وہ مجھے کالج میں داخلہ دلا کر مجھے کھو چکا تھا، اس کا احساس اس کو بھی ہو گیا تھا۔ اب وہ میرے کھنچے کھنچے رہنے سے مایوس اور پژمردہ رہتا تھا۔

مجھے ڈر تھا کہ پھپھو کسی وقت بھی میری اور تیمور کی شادی کا مسئلہ کھڑا کر سکتی ہیں، بس میں نے سلیم سے رابطہ رکھا، کبھی فون اور کبھی خط کے ذریعے۔ اب ہم کالج میں تو نہیں مل سکتے تھے، پڑھائی مکمل ہو گئی تھی۔ باہر ملنا بڑا خطرہ تھا، پھر بھی دو ایک دفعہ سہیلی کے گھر کا بہانہ کر کے میں اس سے باہر ملی اور سمجھایا کہ تم جلد میرے والدین سے میرا رشتہ مانگ لو، کہیں ایسا نہ ہو کہ پھپھو اپنا ناطہ مضبوط کر لیں اور تم ہاتھ ملتے رہ جاؤ۔ اگلے دن ہی سلیم کے والدین ہمارے گھر آ گئے اور میرا رشتہ مانگ لیا۔ والد صاحب نے تھوڑی پس و پیش کی مگر سلیم کے والد نے ان کو قائل کر لیا۔ دراصل وہ ابو کے پرانے واقف کار نکل آئے۔ جب پھپھو کو پتہ چلا تو انہوں نے شور مچایا، ابو نے ان کو یہ کہہ کر چپ کرا دیا کہ میں تمہارے بیٹے کے لیے اپنی دوسری بیٹی کا رشتہ دے دوں گا۔ انیلہ پڑھ لکھ گئی ہے، جب کہ تمہارا بیٹا صرف میٹرک پاس ہے۔ جب پھپھو نے میرا ہی نام دوبارہ لیا، تب انہوں نے یہ شرط رکھ دی کہ میری بیٹی گریجویٹ ہے، تمہارا لڑکا جب تک بی اے نہیں کر لے گا، میں انیلہ کا رشتہ اس کو نہ دوں گا۔ غرض پھپھو ناراض ہو کر چلی گئیں اور ابو نے میرا رشتہ سلیم سے طے کر دیا۔ مجھے تو یقین نہیں آ رہا تھا، لیکن والدین اپنے بچوں کا بھلا ہی سوچتے ہیں۔ سلیم کامیاب بزنس مین تھا، جب کہ تیمور بزنس کی طرف جاتا ہی نہیں تھا اور اس نے آگے پڑھا بھی نہیں۔ تعلیمی لحاظ سے بھی سلیم میرے برابر تھا۔ وہ ابو کو پسند آ گیا تھا۔ میں نے شکر کیا، پھر دونوں طرف سے خوشیوں کے شادیانے بجنے لگے۔ میرے دل میں ہمہ وقت گھنٹیاں سی بجتی رہتی تھیں۔ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ میں ایک دن سچ مچ سلیم کی دلہن بن جاؤں گی۔ آخر وہ دن آ بھی گیا، جب میں پیا دیس سدھار گئی۔ سلیم کو دولہا کے روپ میں دیکھ کر مجھے یقین ہی نہ آتا تھا، خیر، وقت گزرتا گیا، شرجیل کی پیدائش نے زندگی کو کچھ اور معنی پہنا دیے۔ سلیم اور میں شرجیل کو دیکھ دیکھ کر جیتے تھے، دو سال بعد پھر ننھی مرینہ نے جنم لیا۔ قسمت ہم پر کتنی مہربان تھی۔ ادھر دادا، دادی بچوں کے دیوانے تھے اور نانا، نانی بچوں کو دیکھ کر جیتے تھے۔ سلیم میرا اور بچوں کا بہت خیال رکھتے تھے۔ اللہ نے کاروبار میں ڈھیروں برکت ڈال دی تھی۔ میں اپنی خوشیوں میں اتنی غرق تھی کہ کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ برا وقت بھی آئے گا اور زندگی بیٹھے بٹھائے تباہ ہو جائے گی۔

کچھ دنوں سے میں محسوس کر رہی تھی کہ سلیم زیادہ وقت دوستوں میں گزارنے لگے ہیں۔ میں نے کئی بار پوچھا کہ کون سے نئے دوست ہیں، جو سارا دن تم سے چمٹے رہتے ہیں؟ مگر وہ ہر بار ٹال جاتے۔ کہتے، تمہیں کیا غرض میرے دوستوں سے؟ تم اپنے کام سے کام رکھو۔ انہی دنوں سلیم نے بہت ہی غلط عادتیں اپنا لیں، حتیٰ کہ نوبت جوئے تک آ گئی۔ دوست ساری رات ان کو ایسی محفلوں میں رکھتے۔ یہ بہت دیر سے گھر آنے لگے۔ سلیم کبھی ایسے نہ تھے، وہ ایک ذمہ دار اور میچور انسان تھے۔ خدا جانے ان کو کس کی نظر لگ گئی؟ سچ ہے کہ آدمی کو برے دوست تباہ کر دیتے ہیں۔ ان دنوں جو وہ کر رہے تھے، یہ سب کچھ انہیں زیب نہیں دیتا تھا، مگر جب کسی عورت کی قسمت میں برائی آ جائے، تو کوئی کیا کر سکتا ہے۔

پہلے پہل میں نے ان سے منتیں کیں، پھر یہ رویہ ترک کر دیا اور بچوں میں مگن ہو گئی۔ ساس، سسر مجھ سے بہت پیار کرتے تھے، اس لیے سلیم کی تھوڑی بہت لاپرواہی کو میں خاطر میں نہیں لا رہی تھی کہ خود ہی کسی دن ٹھیک ہو جائیں گے۔ ایک دن میں بچوں کو رات کا کھانا کھلا کر فارغ ہوئی تھی کہ اچانک ہی وہ گھر آ گئے اور آتے ہی مجھے طلاق، طلاق، طلاق کے الفاظ کہہ کر اپنے کمرے میں جا کر دروازہ بند کر لیا۔ سب ہکا بکارہ گئے۔ میری تو زبان بند، کان سن اور دل کی عجیب حالت تھی۔ جسم بے حرکت ہو گیا تھا۔ ساس دھاڑیں مار مار کر رونے لگیں کہ بیٹا یہ تو نے بیٹھے بٹھائے کیا کیا؟ اس بچی کا قصور تو بتا، سسر غصے سے لال پیلے ہو رہے تھے۔ دونوں ہی چیختے چلاتے ان کے کمرے کا دروازہ پیٹنے لگے۔ سلیم نے صرف ایک مرتبہ کہا، اس کو کہو، اپنے گھر چلی جائے۔ میں بے ہوش ہو کر گر پڑی تھی۔ ہوش آیا تو خود کو ہسپتال میں پایا۔ امی ابو سرہانے کھڑے تھے۔ کچھ دیر تک تو سمجھ میں نہ آیا کہ یہ سب کیا ہو گیا ہے؟ اس بے یقینی کی کیفیت میں امی ابو مجھے گھر لے آئے۔ اب ہر کوئی میری ڈھارس بندھانے چلا آ رہا تھا، مگر میں اب بھی بے سدھ سی تھی، دل میں ایک کانٹا سا چبھا تھا۔ آخر کیا وجہ تھی کہ سلیم نے ایسا کر دیا تھا؟

وقت گزرتا گیا، چھ ماہ بعد ابو تو اس غم میں چل بسے، بھائی اپنے بچوں میں مصروف ہو گئے۔ بس میں اور امی تھے، جو مردوں کی طرح گھر میں پڑے رہتے تھے۔ ایک دن اچانک تیمور کا خیال آیا، تو امی جان سے ان کے بارے میں پوچھا۔ پتہ چلا کہ میری شادی کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔ اپنی پیار بھری زندگی میں مجھے کبھی خیال ہی نہ آیا تھا۔ خیر، میرے سسر مجھ سے بچوں کو ملانے کے لیے آتے تھے اور زیادہ تر وقت بچے میرے پاس گزارتے تھے۔ ساس، سسر کا پیار بدستور قائم تھا۔ ساس بہت روتی تھیں کہ بیٹی میرا جنت جیسا گھر دوزخ بن گیا۔ سلیم خود اس غم سے نڈھال، خود اس پر نادم ہے۔ تب میرا ذہن بھٹکنے لگا کہ اگر نادم ہے، تو ایسا کیوں کیا؟ میں نے سلیم سے ملنے کی ٹھان لی اور ایک دن سسرال پہنچ گئی۔ وہ گھر جس میں، میں نے اپنی چاہتوں کے پھول نچھاور کیے تھے، آج وہی پھول مجھے کانٹے بن کر ڈس رہے تھے۔ حوصلہ کر کے آگے بڑھی۔ ساس کا ماتھا چوما اور مجھے سلیم کے پاس جانے کی اجازت مل گئی۔

وہ اپنے کمرے میں اوندھے لیٹے ہوئے تھے۔ میں اندر گئی، تو ذرا چونکے۔ مجھے دیکھ کر خوش ہوئے اور آگے بڑھے، مگر جلد ہی قدم روک لیے کہ ہمارے درمیان طلاق کی دیوار حائل تھی۔ ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے، بڑی مشکل سے اپنے آپ کو سنبھال کر بولے۔ انیلہ مجھے معاف کر دو، میں تمہارا مجرم ہوں۔ میں اب بھی تمہیں دل و جان سے اسی طرح چاہتا ہوں۔ تم میرے معصوم بچوں کی ماں ہو، میں تمہیں کھونا نہیں چاہتا۔ میرا بھی دل پگھل گیا اور بھرائی ہوئی آواز میں بولی۔ اگر ایسا ہے، تو تم نے ایسا کیوں کیا؟ شاید جان کر دل کو کچھ سکون ملے، تب وہ یوں گویا ہوئے۔ میرے کچھ دوست پیسوں کی بازی لگا کر بیٹھے تھے۔ شرط یہ لگی تھی کہ جو بازی ہار جائے گا، وہ اپنی بیوی چھوڑ دے گا۔ میں تو بازی جیت لینے کے موڈ میں تھا، میں نے اس شرط کی پروا نہیں کی اور کھیل کے جوش میں بازی لگا دی، مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا اور میں ہار گیا۔ دوستوں نے لعنت ملامت شروع کر دی کہ یہ بے غیرت ہے، یہ بیوی کو نہیں چھوڑ سکتا، ہم ہوتے تو فوراً طلاق دے دیتے۔ انہوں نے مجھے اتنا اشتعال دلایا کہ پھر مجھے کوئی ہوش نہیں رہا اور میں نے گھر آ کر وہی کچھ کر دیا۔ اب وہی دوست میرا مذاق اڑاتے ہیں کہ تم نے ایسا کیوں کر دیا؟ وہ تو کھیل تھا، مگر یہ کھیل تو میں نے ختم کر دیا۔ انیلہ پلیز مجھے کوئی راستہ بتاؤ، میں تمہیں نہیں کھو سکتا۔ میں نے جواری دوستوں کی صحبت چھوڑ کر توبہ کر لی ہے۔ میں نے کیا کہنا تھا، چپکے سے گھر چلی آئی۔ اب ہو بھی کیا سکتا تھا؟

سلیم بچوں کے بہانے گھر چلے آتے تھے۔ آخر ہم دونوں اس بات پر متفق ہو گئے کہ ہم دوبارہ اکٹھے زندگی گزاریں گے اور اس کا صرف ایک طریقہ تھا اور وہ حلالہ۔ میں نے رونا شروع کر دیا اور کہا، سلیم مجھ سے یہ سب کچھ نہ ہو گا۔ انہوں نے سمجھایا اور کہا کہ دیکھو، میں نے اپنے دل پر پتھر رکھ لیا ہے اور سب کچھ برداشت کر رہا ہوں، تو تمہیں بھی برداشت کرنا پڑے گا، تب ہی ہم دوبارہ ایک ہو سکتے ہیں۔ میرا ایک دوست ہے، نہایت قابل اعتماد آدمی ہے، اس کو ہمارا مسئلہ پتہ ہے۔ وہ اس چیز کے لیے راضی ہو گیا۔ نکاح کے فوراً بعد وہ تمہیں آزاد کر دے گا۔ سلیم نے آخر مجھے کسی نہ کسی طرح راضی کر لیا۔ میں نہیں جانتی تھی کہ وہ شخص کون ہے؟ بس سلیم کے کہنے پر سب کچھ ہو گیا۔ میرا ذہن، روح، جذبات، سب کچھ سلیم اور بچوں میں الجھے تھے۔ بس ایک بے جان سا جسم تھا، جو نکاح کے بعد اس کے گھر جا رہا تھا۔ چند ساعتوں بعد قدموں کی چاپ سنائی دی۔ میں نے نظر اٹھا کر دیکھا، تو تیمور سامنے تھا۔ میری نبض ڈوبنے لگی، دل و دماغ نے ساتھ چھوڑ دیا اور دھڑام سے میں فرش پر جا گری کہ اس نے مجھے تھام لیا۔ ہوش آیا تو خود کو تیمور کی بانہوں میں پایا۔ میں نے الگ ہونا چاہا، مگر ایسا نہ کر سکی۔ دل خون کے آنسو رو رہا تھا کہ کس طرح عورت کی بے بسی کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔ اب تیمور کے رنگ ڈھنگ بھی نرالے تھے، اس کا عالی شان گھر تھا۔ میں نے اس سے التجا کی کہ وہ مجھے جلد ہی آزاد کرے، تو اس نے زور دار قہقہہ لگایا اور کہا، اس دن کے لیے ہی تو میں نے اتنے پاپڑ بیلے، تمہارے شوہر سے دوستی گانٹھی اور اب تمہیں آزاد کر دوں؟ ہرگز نہیں۔ ابھی تو تم مجھے ملی ہو، ابھی سے جانا چاہتی ہو۔ تم نے ہمیشہ میرے ساتھ زیادتی کی، مجھ سے رخ پھیر کر مجھے برباد کر دیا اور خود اپنی نگری بسا لی۔ دیکھا! کیسے لٹ گئی تمہاری ہنستی بستی دنیا، اب پتہ چلا کسی کو ستانا کسے کہتے ہیں؟ بھول جاؤ سب کچھ، اب تم صرف میری ہو۔ جب سے تم نے شادی کی تھی، اس دن سے مجھے قرار نہیں تھا۔ خون کے آنسو روتا رہا ہوں میں، تم نے مجھ سے اسی لیے بے وفائی کی تھی ناں کہ سلیم مجھ سے زیادہ دولت مند تھا؟ تو دیکھ لو، اب میں بھی اس جیسا دولت مند ہوں۔

جب میں نے اس کی باتوں پر احتجاج کیا، اپنے بچوں کا واسطہ دیا، تو وہ اور بے رحم بن گیا۔ سن رکھو، اگر تم نے بچوں یا سلیم سے ملنے کی کوشش کی، تو میں تم دونوں کو قتل کر دوں گا، کیونکہ اب تم میری بیوی ہو۔ میں اس کی سنگ دلی پر حیران رہ گئی۔ یہ ویسے ہی سنگ دل بن گیا تھا، جیسے میں اس دن بن گئی تھی، جب میں نے اس کو ٹھکرا کر سلیم کو اپنایا تھا۔ اب تمام قصے کی کڑیاں ملنے لگیں۔ یہ وہی شخص تھا جس نے سلیم سے دوستی کی، اس کو بری سوسائٹی میں لے گیا اور پھر چال بازی سے مجھے طلاق دلوا دی، پھر حلالہ کا مشورہ دے کر خود اپنی ذات کا اعتماد بھی دیا۔

کاش کوئی سلیم کو یہ بتانے والا ہوتا کہ یہی میرا منگیتر، میرا کزن ہے اور مجھ سے عشق کرتا رہا ہے، تو شاید وہ اس کی باتوں میں نہ آتے۔ اس سے کبھی دوستی نہ کرتے، میں حیران تھی کہ کیا کوئی شخص چاہت میں اس قدر بھی جنونی ہو سکتا ہے کہ اس کا ہنستا بستا گھر اجاڑ دے؟ کیا محبت کرنے والے اتنے خود غرض ہوتے ہیں؟ نہیں، ہرگز نہیں، یہ محبت نہ تھی، یہ تو کوئی شیطانی کھیل تھا، جو یہ شخص کھیل رہا تھا۔ اب میری زندگی کس قدر کرب ناک اور دردناک ہو گئی تھی، کوئی اندازہ نہیں کر سکتا تھا۔ ہر ہر لمحہ زہر کا گھونٹ پینا پڑتا تھا، بچوں کی یاد الگ تڑپا رہی تھی۔ سلیم کی سادگی اور بے وقوفی الگ دلا رہی تھی۔ کس قدر چالاک اور چال باز بن چکا تھا تیمور، جو کبھی بہت سادہ اور معصوم ہوا کرتا تھا۔ وہ کہتا تھا کہ تیری بے وفائی مجھے یہاں تک لے آئی، یہ محبت نہ تھی، یہ انتقام کی کوئی بھیانک صورت تھی۔ تیمور کا رویہ میرے ساتھ ایک جابر حاکم جیسا تھا۔ میرا سلیم اور بچوں سے بھی کوئی رابطہ نہ تھا۔ خدا جانے ان کا کیا حال تھا؟

اس طرح ایک سال بیت گیا اور میں تیمور کے بچے کی ماں بن گئی۔ اب میں ایک زندہ لاش تھی، جو اس کے گھر چلتی پھرتی رہتی تھی۔ موت بھی شاید مجھ سے روٹھ گئی تھی۔ بیٹے کی پیدائش سے بھی تیمور کی آگ ٹھنڈی نہ ہوئی، مجھ سے برابر وہی سلوک جاری تھا۔ اسد ایک سال کا ہو گیا تو سرمد نے جنم لیا۔ یوں روتے بلکتے نہ چاہتے ہوئے بھی میں اس کے بچوں کی ماں بن گئی۔ اس سے نکاح کو پانچ برس بیت گئے۔ اب یہ حالت تھی کہ اس کے ظلم و ستم اور اس کے طنز کا مجھ پر کوئی اثر نہ ہوتا، جیسے میں پتھر کی ہو چکی تھی، سلیم اور بچوں کی یاد ابھی تک کچوکے لگاتی اور کبھی ان کی یاد محو ہو جاتی تھی، لیکن تیمور کے بچوں کا خیال بھی مجھ سے ٹھیک طریقے سے نہ رکھا جاتا تھا، کیونکہ میرے اعصاب جواب دے چکے تھے۔ آنسو تک خشک ہو چکے تھے، مگر ابھی کچھ اور اذیتیں باقی تھیں۔

ایک دن نجانے کیسے سلیم بچوں کو لے کر آ گیا۔ وہ خود گاڑی میں بیٹھا تھا، بچے اس نے اندر بھیج دیے۔ میں ان کو دیکھتے ہی دیوانی ہو گئی اور ان سے لپٹ کر رونے لگی، تبھی اوپر سے تیمور آ گیا۔ اس نے جو یہ منظر دیکھا، تو آپے سے باہر ہو گیا۔ وہ مجھے قتل تو نہ کر سکا، لیکن مجھے اسی وقت طلاق دے دی اور گاڑی میں بٹھا کر میری ماں کے گھر چھوڑ آیا۔ اس نے کہا، بہت طلاق، طلاق کرتی ہو، تو اب طلاق ہی سہی، لیکن میرے بچے میرے پاس رہیں گے۔ ان کو میں کبھی تیرے حوالے نہ کروں گا اور تو بھول کے بھی اب ان کا نام نہ لینا، بس یہی ہے تیری سزا کہ تو اب اسد اور سرمد سے دور رہے گی۔ دو مہینے میں ہسپتال میں رہی مگر موت نے بھی ساتھ نہ دیا، پھر ٹھیک ہو کر گھر آ گئی، اب تو غم بھی غم نہیں لگتا تھا۔

کچھ ہوش سنبھالا، تو پتہ چلا کہ سلیم نے دوسری شادی کر لی اور پھر تیمور نے بھی اور شادی کر لی۔ میں ادھر کی رہی، نہ ادھر کی۔ دونوں طرف اپنے جگر کے ٹکڑوں کو چھوڑ آئی تھی، مجھے کیسے قرار آتا۔ کوئی اس ظلم کا اندازہ کرے کہ کس طرح ممتا کے بخرے بخرے کر دیے گئے۔ کیا بتاؤں، کیسے زندہ ہوں؟ بس سانس چلتا ہے، آنسو نہیں بہتے۔ دنیا سے کنارہ کر لیا ہے، زیادہ وقت یاد الٰہی میں گزرتا ہے۔ ہر وقت اپنے بچوں کے لیے دعائیں کرتی رہتی ہوں کہ خدا کرے وہ ہمیشہ سکھی رہیں، انہیں کبھی میری یاد نہ ستائے۔

(ختم شد)  
 
romantic stories
 
اگر کہانی پسند آئی ہو تو فیس بک کمنٹ میں ضرور بتائیں۔ شکریہ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے