محبت کا امتحان


آج سے بیس سال پہلے کی بات ہے، ہمارے گاؤں میں ایک چھوٹا سا خاندان رہتا تھا، جس میں تین بھائی اور چار بہنیں تھیں۔ سب سے بڑا بھائی دلاور خان تھا، جس کی شادی میری سگی خالہ سے ہوئی تھی۔ وہ ایک خوبصورت، بہادر لیکن بے حد ضدی شخص تھا۔ دلاور میں کافی خوبیاں بھی تھیں، جن کی وجہ سے خاندان والے اور ان کے چھوٹے بھائی ان کی اور خالہ کی بے حد عزت کرتے تھے، لیکن خالو دلاور کسی کی نہیں سنتے تھے، یہاں تک کہ اپنے ماں باپ کی بات بھی نہ مانتے تھے۔

ایک دن دلاور خالو کے جی میں آئی کہ اب شہر میں رہنا چاہیے۔ اس فیصلے میں کسی کی مرضی شامل نہ تھی، خاص طور پر ان کے والدین نہیں چاہتے تھے کہ وہ ان سے دور رہیں۔ انہوں نے منع بھی کیا، لیکن ہمارے خالو نہ مانائے۔ ان دنوں وہ چار بچوں کے باپ تھے۔ انہوں نے گاؤں آکر اپنے بیٹوں کی منگنیاں اپنے بھائیوں کی لڑکیوں سے کر دیں اور بیٹی نیشا کی منگنی اپنے بھتیجے شہزاد سے طے کر دی۔ لیکن جب بڑا بیٹا شہاب جوان ہوا، تو اس نے یہ رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا، کیونکہ وہ بھی اپنے باپ کی طرح ضدی تھا۔ اس نے کہا، “بابا جان! میں آپ کی بھتیجی گل بی بی سے شادی نہیں کروں گا، آپ اس منگنی کو توڑ دیں۔” باپ نے کہا، “اگر تم نے ایسا کیا، تو بدلے میں وہ شہزاد سے نیشا کی منگنی توڑ دیں گے، پھر تمہاری بہن کی شادی بھی اپنوں میں نہ ہو سکے گی۔” شہاب بولا، “مجھے اس کی پروا نہیں، لیکن مجھے گل بی بی پسند نہیں ہے اور میں اسے اپنی دلہن نہیں بناؤں گا۔” باپ ضدی تھا اور بیٹا اس سے بھی زیادہ ہٹ دھرم؛ لیکن اس سب کا نقصان عورتوں کو اٹھانا پڑا۔

دلاور خان کو اتنا غصہ آیا کہ اس نے اپنے جوان بیٹے کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا، مگر شہاب کہاں قدم پیچھے ہٹانے والا تھا! اس نے اپنے چچا کو خط لکھ دیا کہ “آپ گل بی بی کی شادی کہیں اور کر دیں، کیونکہ میں آپ کی بیٹی سے ہرگز شادی نہیں کروں گا۔” جب یہ خط چچا کو ملا، تو وہ بہت دکھی ہوئے، مگر وہ کیا کرتے؟ جب شہاب خود انکاری ہو گیا تھا، تو زبردستی تو نکاح نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے مایوسی میں اپنی بیٹی کا نکاح کہیں اور کر دیا۔ جب اس بات کا علم دلاور خان کو ہوا، تو وہ بہت رنجیدہ ہو گیا۔ اس نے سوچا بھی نہ تھا کہ اس کا بیٹا ایسی حرکت کر گزرے گا، جس سے سگے بھائیوں کے بیچ اتنی دراڑ پڑ جائے گی کہ وہ ایک دوسرے سے ملنے کے بھی روادار نہیں رہیں گے۔ پہلے جو تھوڑی بہت دوری تھی، اس میں محبت کا تعلق باقی تھا، لیکن اب وہ تعلق بھی ختم ہو گیا۔

نیشا اور شہزاد کی منگنی بھی ختم کر دی گئی، جس کا اعلان پہلے چچا بہادر خان نے کیا اور پھر گاؤں آکر نیشا کے باپ کو بھی یہی کرنا پڑا۔ یوں ان دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں، لیکن اس بات کا علم نیشا کو نہ ہو سکا؛ بھلا اسے شہر آکر کون بتاتا کہ گاؤں میں کیا ہو چکا ہے؟ ان دنوں نیشا کی عمر سولہ برس تھی۔ جب خالو گاؤں آئے تھے، تو ساتھ والے گاؤں میں اپنے دوست سے بھی ملنے گئے، جو ایک بڑے زمیندار تھے۔ ان سے بیٹی کے رشتے کا تذکرہ کیا، تو ان کے دوست بادشاہ خان نے کہا، “تم فکر مت کرو، میرا لڑکا محب خان جوان ہے اور تمہارا دیکھا بھالا ہے۔ میں اس کے لیے تمہاری بیٹی کا رشتہ لینے کو تیار ہوں۔” بے چاری نیشا کو کیا پتہ تھا کہ اس کے باپ نے کیا فیصلہ کیا ہے؟ وہ تو یہی سمجھ رہی تھی کہ اس کی شادی شہزاد سے ہوگی۔ اس کے فرشتوں کو بھی علم نہیں تھا کہ وہ کسی اور کے پلے بندھنے والی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ خالو جان نے ہماری خالہ تک کو نہ بتایا کہ وہ بیٹی کا رشتہ اپنے دوست کے صاحبزادے محب خان کے ساتھ طے کر آئے ہیں۔

پہلی بار سب گاؤں آئے کیونکہ شادی کی تیاریاں کرنا تھیں۔ پرانا گھر کھلوایا گیا، اس میں قلعی کرائی گئی اور اسے سجا دیا گیا۔ نیشا بہت خوش تھی، لیکن حیرت کی بات یہ تھی کہ نہ تو چچی ملنے آئیں اور نہ ہی باپ نے ان سے کہا کہ تم لوگ ملنے جاؤ۔ جب میں نیشا سے ملنے گئی، تو وہ بے خبر ہو کر خوشی سے میرے گلے لگ گئی اور پوچھا، “شہزاد کیسا ہے اور چچی کیوں نہیں آرہیں؟ کیا وہ ہماری شادی کی تیاریوں میں بہت مصروف ہیں؟” اس سوال پر میں سمجھ گئی کہ میری بھولی خالہ زاد کو کسی بات کا علم نہیں ہے۔ میں نے پوچھا، “تمہیں خبر نہیں ہے کہ تمہاری شادی کس سے ہو رہی ہے؟” “کس سے ہو رہی ہے؟” اس نے سوال کیا۔ “تمہاری شادی کسی رئیس خاندان میں ہو رہی ہے، نیشا! تم قسمت والی ہو کہ تمہارا رشتہ ایک بڑے زمیندار گھرانے میں ہو گا، جہاں سب لوگ تمہاری بہت عزت کریں گے۔” یہ سن کر نیشا کو بہت صدمہ ہوا اور اسے اپنے کانوں پر یقین نہ آیا۔ وہ اپنے دکھ پر قابو نہ پا سکی اور چچا کے گھر چلی گئی۔ چچی نے نیشا سے بہت پیار سے بات کی، لیکن منہ سے کوئی بات نہ نکالی۔ نیشا کی بھی ہمت نہ پڑی کہ اس بارے میں کچھ پوچھتی۔ وہ تھوڑی دیر بیٹھ کر واپس آ گئی، البتہ اس نے چچی سے یہ شکوہ ضرور کیا کہ “آپ لوگ ہم سے ملنے بھی نہیں آئے۔” جواب میں انہوں نے کہا، “یہ بات تم اپنے والد صاحب سے پوچھ سکتی ہو۔” شہزاد گھر پر نہیں تھا، جس کے دیدار کو نیشا کی آنکھیں ترس رہی تھیں، کیونکہ ان کا سارا بچپن ساتھ کھیلتے گزرا تھا۔

جب باپ کو علم ہوا کہ بیٹی بغیر اجازت اپنے چچا کے گھر گئی تھی، تو وہ بہت برہم ہوئے اور بیٹی کو نہ صرف ڈانٹا بلکہ منع بھی کیا کہ “دوبارہ وہاں مت جانا، کیونکہ بہادر خان تمہارا چچا نہیں، بلکہ ہمارا دشمن ہے۔” اب تو نیشا کا سکون بالکل لٹ گیا۔ وہ بار بار ماں سے سوال کرتی کہ ایسا کیوں ہوا؟ اور ماں گونگی بن کر اس کا منہ تکتی۔ بھلا وہ کیا بتاتی کہ ایسا کیوں ہوا، جبکہ اسے زبان کھولنے کی اجازت ہی نہیں تھی۔ دو چار دن پریشان رہنے کے بعد جب نیشا کا کلیجہ منہ کو آنے لگا، تو وہ برداشت نہ کر سکی اور دوبارہ چچا کے گھر چلی گئی، جہاں شہزاد سامنے بیٹھا تھا۔ اس نے نیشا کو دیکھ کر آنکھیں چرا لیں۔ وہ تو سمجھی تھی کہ وہ والہانہ انداز میں ملے گا اور اس کے لیے بے قرار ہو گا، جیسے بچپن میں باتیں کرتے تھے ویسے ہی کرے گا، لیکن یہاں تو دنیا ہی بدل چکی تھی۔ یہ بے رخی وہ برداشت نہ کر سکی۔ اپنے یقین کی شکست پر انسان ٹوٹ کر بکھر جاتا ہے، نیشا بھی بکھر گئی اور جہاں کھڑی تھی، وہیں گر کر بے ہوش ہو گئی۔

جب چچا نے اسے گرتے دیکھا، تو دوڑے اور اسے فرش سے اٹھا کر بستر پر لٹایا۔ شہزاد یہ منظر دیکھ کر گھبرا گیا۔ کسی نے دوڑ کر نیشا کے گھر اطلاع دی، تو اس کے ماں باپ بھی آ گئے۔ وہ اسے ہسپتال لے گئے، جہاں پورے دو دن بعد اسے ہوش آیا۔ ڈاکٹر نے کہا کہ “مریضہ کو فوراً شہر کے ہسپتال لے جائیں اور اس کا چیک اپ کرائیں۔ شک ہے کہ کہیں اس کے دماغ میں کینسر وغیرہ نہ ہو اور کوئی شدید مسئلہ نہ ہو۔” یہ سن کر دلاور خالو اور خالہ کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی، شہزاد بھی رونے لگا، اور میں تو جیسے پتھر ہی ہو گئی۔ چچا بھی رو رہے تھے اور ہر کوئی آنسو بہا رہا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر دلاور خان کے دل پر گہرا اثر ہوا، اور ان کے اپنے بھی بھاگ دوڑ کر رہے تھے۔ بہادر خان نے ڈھیر ساری رقم لا کر دلاور خان کے قدموں میں رکھ دی اور کہا، “بچی کا پوری طرح علاج کرواؤ، ہم ہر قدم پر تمہارے ساتھ ہیں، آخر ہم بھائی ہیں۔”

مشکل وقت میں ناراضی باقی نہیں رہتی۔ دلاور خالو کو آج احساس ہوا کہ اپنے تو اپنے ہوتے ہیں اور بھائی تو بھائی کا بازو ہوتا ہے، اور اگر یہ بازو ٹوٹ جائے تو انسان اپاہج ہو جاتا ہے۔ انہوں نے شہزاد اور بہادر خان کو گلے لگایا، سب نے دل کھول کر رویا اور پھر سب ایک ہو گئے۔ سارے ہی نیشا کے ساتھ ہسپتال پہنچے، جہاں اس کے ٹیسٹ وغیرہ ہوئے، اور جب رپورٹیں آئیں تو ڈاکٹر نے بتایا کہ “فکر کی کوئی ضرورت نہیں، لیکن تین ماہ بعد دوبارہ ٹیسٹ ضرور کرانا، تب ہی کوئی حتمی بات کہہ سکتے ہیں، فی الحال کچھ واضح نہیں ہو رہا۔” نیشا کو گھر لائے، تو بہادر خان نے بھائی سے دوبارہ رشتے کی بات کی، لیکن دلاور اب مجبور تھا۔ چاہتے ہوئے بھی وہ بیٹی کی منگنی محب خان سے نہیں توڑ سکتا تھا، کیونکہ اپنے دوست کی بے عزتی کرنے کا اس میں حوصلہ نہیں تھا۔

خیر، نیشا کی جو حالت ہوئی، وہ سب جانتے تھے۔ وہ رو رو کر بے ہوش ہو جاتی تھی اور شہزاد بھی بہت غمزدہ تھا، لیکن اب رسم و رواج کے مطابق منگنی نہیں توڑی جا سکتی تھی۔ لہذا نیشا کی شادی وہی ہو گئی جہاں طے ہوئی تھی، یعنی محب خان سے، اور پھر وہ بیاہ کر اپنے گھر رخصت ہو گئی۔ اس دن پورے خاندان میں ایسی کیفیت تھی جیسے نیشا کی شادی نہیں ہو رہی، بلکہ اس کی میت گھر سے رخصت ہو رہی ہو۔ شاید اسی کو نصیب کا لکھا کہتے ہیں، لیکن محب خان بھی اس شادی سے خوش نہیں تھا۔ اس نے اپنے باپ کا حکم مانا تو سہی، لیکن وہ کسی اور لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اسی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ لہذا سہاگ رات کو اس کے شوہر نے اس کا گھونگھٹ تک نہ اٹھایا، بلکہ چپ چاپ آ کر بستر پر سو گیا۔ وہ حیران تھی کہ یہ کیسا دولہا ہے جو اپنی دلہن کا چہرہ تک نہیں دیکھنا چاہتا؟

صبح ہوتے ہی محب نے نیشا سے کہا، “اگر کوئی پوچھے، تو یہ مت کہنا کہ دولہا نے مجھ سے بات تک نہیں کی اور سو گیا۔ کہنا کہ میں اصل میں نیند کی گولیاں کھا کر سو گیا تھا۔” نیشا نے اپنے شوہر کی عزت رکھ لی اور وہی جواب ساس اور نندوں کو دیا جو اسے دینا چاہیے تھا اور جس کی وہ اس سے امید کر رہی تھیں؛ گویا اصل واقعہ کسی کو نہیں بتایا۔ لیکن ایسی باتیں زیادہ دن نہیں چھپتیں، آخرکار ساس کو پتہ چل ہی گیا، تاہم وہ اپنی بہو سے بہت خوش ہوئی جس نے زبان نہ کھولی اور ان کی عزت رکھ لی۔ شادی کے ایک ماہ بعد تک شوہر کا سلوک اس کے ساتھ کافی اچھا رہا، لیکن پھر وہ سنگدلی پر اتر آیا اور اپنی من پسند لڑکی کے پاس زندگی کی خوشیاں تلاش کرنے جانے لگا۔ وہ اب اپنی بیوی سے بات کرنا بھی بوجھ سمجھتا تھا۔ اس برتاؤ سے نیشا تنگ آ کر بیمار پڑ گئی اور اب پھر بیٹھے بیٹھے بے ہوش ہونے لگی۔ اس کی بیماری کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہی تھی۔ اس بار وہ میکے آئی تو اتنی بیمار ہوئی کہ اسے دیکھ کر ہر کسی کا کلیجہ دہل گیا۔ اب خالو جان کو بھی فکر ہوئی اور وہ بیٹی کو پھر ڈاکٹر کے پاس لے گئے اور اس کا مکمل چیک اپ کروایا۔ ڈاکٹر نے کہا، “آپ لوگ اس کو جتنا خوش رکھیں گے، اتنا ہی بہتر ہو گا، کیونکہ نیشا کے دماغ میں کینسر کی شروعات ہو چکی ہے اور اس کی زندگی کم ہو سکتی ہے۔ آگے خدا کی مرضی، آپ علاج کرائیں اور ساتھ دعا بھی کریں۔ خدا چاہے تو شفا بھی دے سکتا ہے، لیکن اس کا خوش رہنا شرط ہے۔” ڈاکٹر کی بات سن کر دلاور خان نے بہادر خان کی طرف دیکھا اور بہادر نے اپنے بیٹے شہزاد کی طرف۔ سب ہی اس بات کا مطلب بغیر ایک لفظ بولے سمجھ گئے تھے۔ بہرحال، یہ ساری باتیں انہوں نے محب اور اس کے باپ کو بتا دیں اور کہا، “اگر آپ ہماری بیٹی کو خوش نہیں رکھ سکتے، تو بے شک اسے طلاق دے دیں، کیونکہ ہم ہر حال میں اپنی لڑکی کو خوش رکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری بچی بہت بیمار ہے۔”

جب محب خان کو علم ہوا کہ اس کی بیوی بیمار ہے اور ڈاکٹر نے کہا ہے کہ اسے کینسر ہو سکتا ہے، تو وہ نیشا سے اور بھی دور اور بیزار ہو گیا۔ یہاں تک کہ نیشا اس کے اس برتاؤ سے نہ صرف تنگ آ گئی، بلکہ مزید بیمار پڑ گئی۔ اس نے وہاں رہنے سے انکار کر دیا۔ اب وہ ہر بات آ کر اپنے والدین کو بتانے لگی، تو باپ نے رپورٹیں اپنے داماد کے سامنے رکھ کر کہا، “تم کیا چاہتے ہو؟ اگر اسے تڑپا تڑپا کر مارنا چاہتے ہو، تو بہتر ہے کہ ہم سے ہمیشہ کے لیے کنارہ کر لو، تاکہ جتنے زندگی کے دن اس کے باقی ہیں، ہم اسے خوش رکھ سکیں، ورنہ ہماری اور تمہاری لڑائی چھڑ جائے گی۔” محب خان تو یہی چاہتا تھا، لہذا اس نے نیشا کو طلاق دے دی۔ وہ غمزدہ حالت میں میکے آ گئی، لیکن اب باپ نے اس پر کوئی پابندی نہیں لگائی کہ جب زندگی کے چند دن ہی باقی ہیں، تو جیسے چاہے بسر کرے۔ نیشا اب روز شہزاد سے ملتی، وہ بھی اس کی دلجوئی کرتا، اسے ہنساتا اور سیر کو لے جاتا۔ دونوں کی محبت دوبارہ زندہ ہو گئی، یہاں تک کہ شہزاد نے اپنے والدین سے کہا، “بے شک نیشا کی زندگی کے چند دن رہ گئے ہیں، میں اس سے شادی کروں گا اور اسے وہ خوشی دوں گا جو کسی دلہن کا حق ہوتا ہے۔” نیشا اس بات پر راضی نہ تھی۔ وہ کہتی، “میں روگی ہوں، ایک زندہ لاش ہوں۔ مجھ سے بندھن جوڑ کر بھلا شہزاد کو کیا ملے گا؟ بہتر ہے ہنس بول کر ہم یہ چار دن کی زندگی گزار لیں۔” لیکن جب شہزاد نے اسے بہت اصرار سے منایا، تو وہ اس کی خوشی کی خاطر مان گئی اور اس کے لیے چند دن کی دلہن بننے پر تیار ہو گئی۔

کیا بتاؤں، کیسا دکھ بھرا منظر تھا اور کیسی ظالم حسرتیں تھیں، جو دونوں کے چہروں پر خوشی کے نقاب میں چھپی تھیں۔ ہم سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ اس موقع پر ہنسیں یا روئیں؟ دولہا کو مبارکباد دیں یا پرسہ؟ چچی بھی کبھی ہنستیں اور کبھی روتی تھیں، اور خالہ کے تو آنسو تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے۔

دولہا کو اپنی محبوبہ ملی بھی تو کس موڑ پر، جب اس کی زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں تھا اور وہ چند دنوں کی مہمان تھی۔ ہر کوئی یہی سمجھ رہا تھا کہ یہ خوشی عارضی ہے اور اس کے بعد سبھی کو عمر بھر رونا ہے، کیونکہ پھر یہ چاند سی دلہن ہمیشہ کے لیے منوں مٹی تلے چھپنے والی تھی۔ لیکن خدا جو چاہے کر سکتا ہے، اس کی قدرت کامل ہے۔ جب نیشا شہزاد کی دلہن بنی بیٹھی تھی، تو میک اپ کے باوجود بیمار لگ رہی تھی، لیکن کسی نے سچ کہا ہے کہ محبت اور موت دونوں میں ایسی طاقت ہے جو ہر شے کو بدل دیتی ہے۔ خدا نے شہزاد کی آزمائش کی تھی؛ وہ اپنے پیار میں سچا تھا، اللہ کو اس کی قربانی پسند آ گئی یا شاید نیشا کو سچی خوشی نے سہارا دیا۔ محبت کے یقین نے اسے دوبارہ زندگی عطا کی؛ شہزاد سے شادی کے بعد رفتہ رفتہ وہ سجنے اور سنورنے لگی اور دوبارہ جینے کی آرزو کرنے لگی۔ وہ آہستہ آہستہ زندگی کی طرف لوٹنے لگی تھی۔ جینے کی آرزو اتنی شدید تھی کہ جس نے اسے موت کے دہانے سے زندگی کی طرف موڑ دیا۔

جوں جوں وقت گزرتا جا رہا تھا، وہ زندگی کی آرزو کرنے لگی۔ پھر جب وہ امید سے ہوئی، تو جینے کی آرزو اور بھی شدید ہو گئی۔ وہ اب اپنے بچے کی خاطر زندہ رہنا چاہتی تھی۔ اس کا علاج ہوتا رہا، پھر پتہ چلا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے۔ دوبارہ ٹیسٹ ہوئے اور رپورٹیں آئیں تو سب ٹھیک تھا؛ کینسر کا کوئی نام و نشان نہ تھا۔ آج وہ تین بچوں کی ماں ہے اور بالکل تندرست و توانا ہے۔ اس سے ثابت ہوا کہ زندگی اور موت صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، انسان کے بس میں کچھ نہیں ہے۔

(ختم شد)  
 
romantic stories
 
اگر کہانی پسند آئی ہو تو فیس بک کمنٹ میں ضرور بتائیں۔ شکریہ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے