روحانی تعلق



میٹرک کا امتحان دیا ہی تھا کہ امی ابو نے میرا رشتہ طے کر دیا اور رزلٹ آؤٹ ہونے سے پہلے ہی میری شادی ہو گئی۔ شوہر اسمارٹ اور خوبصورت تھے، ان کا نام عالی شان تھا۔ مجھے ان سے بہت پیار تھا۔ وہ بھی مجھے چاہتے تھے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ جہاں تم پیر رکھتی ہو، وہاں میرا دل دھڑکتا ہے، جیسے تم میرے دل پر چلتی ہو۔ کبھی کہتے تھے کہ شمع! مجھ سے جدا نہ ہونا۔ اگر میں مر بھی جاؤں تو مجھے نہ بھلانا، کیونکہ مرنے کے بعد بھی میری روح تمہارے ارد گرد منڈلاتی رہے گی۔ ایسی باتوں سے میرا جی گھبرانے لگتا اور میں کہتی: “ایسا مت کہا کریں۔ بزرگ کہتے ہیں کہ منہ سے اچھی بات نکالنی چاہیے۔”

میری والدہ پرانے خیالات کی تھیں۔ رخصتی کے وقت انہوں نے مجھے وہی نصیحت کی تھی جو پرانے وقتوں میں دلہنوں کو کی جاتی تھی کہ لڑکی شادی ہو کر جس گھر میں جاتی ہے، پھر اس گھر سے اس کا جنازہ ہی نکلتا ہے۔ شادی کے بعد میں ہنسی خوشی شان کے ساتھ زندگی بتانے لگی۔ وہ مجھے سیر کے لیے سوات اور کاغان لے گئے۔ انہوں نے نہ صرف مجھ سے محبت کی بلکہ عزت بھی دی۔ وہ خود میری عزت کرتے تھے تاکہ گھر والے بھی میری عزت کریں۔ عالی شان نے گھر کے کام کاج کے لیے ایک عورت رکھ دی تھی، جو گھریلو کام کے علاوہ میری خدمت بھی کرتی تھی۔ شان میرے لیے موسم کا ہر پھل لاتے اور اپنے ہاتھ سے کھلاتے۔ یوں ہنسی خوشی وقت گزر گیا۔ اللہ نے مجھے اولاد سے نوازا۔ پہلا بیٹا ہوا، پھر بیٹی۔ ہم بہت خوش تھے۔ دوسری بیٹی پر بھی انہوں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ اولاد ایک نعمت ہوتی ہے۔ اولاد کے بغیر زندگی ادھوری اور خوشیاں بے معنی لگتی ہیں۔ ہماری شادی کو پانچ سال گزرے تھے کہ میرے شان کا قتل ہو گیا، کسی نے ان کو ناحق گولی مار دی، جبکہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ میری تو دنیا ہی لٹ گئی۔ خوشیاں غموں میں بدل گئیں۔ میں اندر سے ٹوٹ کر رہ گئی۔ دیوروں نے پاس رکھنا مناسب نہ سمجھا اور میں تینوں بچوں کو لے کر والدہ کے گھر آگئی۔ عدت کے بعد میں نے اپنی بہن کے اسکول میں ملازمت کر لی۔ کچھ عرصے بعد میرے رشتے آنے لگے تو امی ابو نے سمجھایا کہ دوسری شادی کر لو، لیکن میں سوال کرتی کہ میرے بچوں کا کیا ہوگا؟ وہ کہتے کہ تم بچوں کی فکر نہ کرو، ان کو ہم سنبھال لیں گے، لیکن میں نہ مانتی۔

ایک بات بتاتی چلوں کہ جب بھی کوئی رشتہ آتا، اسی رات خواب میں مجھے میرے مرحوم شوہر شان نظر آتے اور منع کرتے کہ دوسری شادی مت کرنا۔ صبح میں اٹھتی تو میرا ذہن بہت بوجھل ہوتا۔ ایسے خوابوں سے میں پراگندہ خیال ہو جاتی۔ سوچتی تھی کہ یہ میرا وہم ہے یا لاشعوری طور پر ایسے خواب دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ مجھے اپنے خاوند سے واقعی بے حد محبت تھی۔ ہم کو خبر نہ تھی کہ اتنی جلدی جدا ہو جائیں گے، صرف پانچ برس ہمارا ساتھ رہے گا، پھر عمر بھر کی جدائی تڑپائے گی۔ جی چاہتا تھا کہ مر جاؤں، مگر مرنا اپنے بس میں نہیں تھا۔ رفتہ رفتہ خود کو سمجھایا کہ بچوں کی خاطر جینا ہوگا کیونکہ کوئی ماں اتنے چھوٹے بچوں کو دنیا کے حوالے کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ خود کو بہلانے کی خاطر میں نے تصورات کی دنیا آباد کر لی۔ جب بچے سو جاتے تو عشاء کی نماز کے بعد میں اپنے کمرے کے ایک کونے میں بیٹھ کر یادِ الٰہی میں مصروف ہو جاتی اور جب دھیان پوری طرح ادھر نہ جمتا تو مرحوم شوہر کی صورت کو تصور میں لا کر ان سے ایسے باتیں کرنے لگتی جیسے وہ زندہ ہوں اور میرے سامنے بیٹھے ہوں، پھر یہ معمول بن گیا۔ میں روز تصور میں عالی شان کو مخاطب کر کے سارے دن کا حال انہیں سناتی، بچوں کی باتیں کرتی، ان کی شرارتیں بیان کرتی اور خود بخود ہنستی، جیسے وہ سچ مچ سن رہے ہوں۔ کبھی شکوہ کرتی اور رونے لگتی کہ عالی شان! آپ کیوں اس طرح مجھے چھوڑ کر چلے گئے ہیں؟ مجھے آپ کی یاد آتی ہے۔ میں اداس رہتی ہوں۔ خدارا! تھوڑی دیر کو سہی، میرے پاس آ جائیے، مجھے جینے کا حوصلہ دیجئے۔ ایسا کر کے مجھے سکون مل جاتا اور میری بے چین روح قرار میں آ جاتی، پھر میں گہری نیند سو جاتی۔ اور جب تصور میں ان سے باتیں نہ کرتی، تب رات بھر بے چین رہتی اور صبح تک نیند نہیں آتی تھی۔

یہ سب میں گھر والوں سے چھپ کر کرتی تھی۔ جانتی تھی کہ اگر انہوں نے مجھے اس طرح ان سے ہم کلام ہوتے دیکھ لیا تو مجھے نیم پاگل یا نفسیاتی مریض سمجھیں گے، تب بڑی خرابی کی بات ہوگی کیونکہ اپنے دل کی کیفیت تو میں ہی سمجھتی تھی۔ بھلا دوسرے کیونکر جان سکتے تھے؟ لیکن میں نے حقیقت جانتے ہوئے بھی تصور کی یہ دنیا اس وجہ سے آباد کر لی تھی کہ اس طرح مجھے سکون ملتا تھا، میرا غم ہلکا ہو جاتا تھا۔ ہر بار میں اپنے اللہ سے یہی کہتی تھی کہ اے روحوں کے مالک! ہر شے پر قدرت رکھنے والے، تیرے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ تو میرا تعلق میرے مرحوم شوہر سے روحانی طور پر قائم کر دے، تاکہ میں آسانی سے اس دنیا میں اس کے بغیر سانس لے سکوں۔ اور پھر واقعی میرا ان سے روحانی تعلق قائم ہو گیا۔

جب میں کسی مشکل میں ہوتی، مجھے لگتا کہ کوئی ہے جو میری مشکل کو محسوس کر رہا ہے۔ میں عالی شان کو خواب میں اکثر دیکھنے لگی۔ کبھی یوں ہوتا کہ میں نیم غنودگی میں ہوتی تو عالی شان کی آمد اور موجودگی کا احساس ہوتا، پھر وہ میری رہنمائی کے لیے کوئی بات کہہ کر چلے جاتے۔ یہ کیا تھا؟ میرا وہم، معجزہ یا اللہ نے میری دعا قبول کر لی تھی؟ میں کچھ سمجھ نہ پاتی تھی، مگر جب بھی اس کا واضح احساس ہوتا، مجھے لگتا کہ میں بالکل ہلکی پھلکی ہو گئی ہوں اور میرے اوپر سے غم کا پہاڑ جیسا بوجھ ہٹ گیا ہے۔

اُدھر والدین میری فکر میں گھلے جاتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ بائیس تئیس سال عمر ہی کیا ہے؟ ابھی تم بچی ہو، ہم تمہاری شادی کریں گے، ایسے شخص سے جو تم کو بچوں سمیت قبول کر لے۔ تب تو مان جاؤ گی؟ انہی دنوں میرا رشتہ آ گیا، جو والدین کو اتنا بھلا لگا کہ میرے پوچھے بغیر ہی انہوں نے اسے قبول کر لیا۔ بالآخر والدین کی جیت ہو گئی۔ انہوں نے رو دھو کر، منت سماجت کر کے مجھ سے منوا لیا اور میری دوسری شادی سہیل سے کرا دی کیونکہ اس نے میرے تینوں بچوں کو اپنے پاس رکھنے کی اجازت دے دی تھی۔ سہیل کی یہ دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی بیوی سے اولاد نہ ہوئی تھی۔ وہ عورت شوگر کی مریضہ تھی، بچے پیدائش کے بعد وفات پا جاتے تھے۔ بیوی کے فوت ہونے کے بعد سہیل نے مجھ سے شادی کی اور وعدہ کیا کہ وہ میرے تینوں بچوں کو اپنی اولاد سمجھ کر پیار دیں گے۔

سہیل نے اپنا وعدہ نبھا دیا۔ انہوں نے دین و دنیا دونوں کی تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ عالمِ دین اور حافظِ قرآن تھے اور ایک سرکاری اسکول میں عربی کے استاد تھے۔ مجھ سے ان کے تین بچے ہوئے، مگر انہوں نے میرے بچوں میں کوئی فرق نہ کیا اور ان کو بھی اتنا ہی پیار دیا جس قدر اپنے بچوں کو دیتے تھے۔ یہ بڑی حیرت کی بات تھی۔ اپنی سگی اولاد سے بڑھ کر میرے بچوں سے محبت کی، میری بیٹی کا جہیز بھی دن رات محنت کر کے اپنی حق حلال کی کمائی سے خریدا، اس کی شادی کے لیے رقم جمع کی اور پھر عزت سے اسے رخصت کیا۔ اس شادی سے مجھے یہ فائدہ ہوا کہ میرے بچے پڑھ لکھ کر اچھی تعلیم اور تربیت پا گئے، مگر نقصان بھی ہوا کہ میرے تصور کی دنیا اجڑ گئی، جس میں اپنے محبوب شوہر سے باتیں کرتی تھی اور سمجھتی تھی کہ میرا ان سے روحانی تعلق ہے۔ یہ بات مجھے بہت سکون اور اطمینان دیا کرتی تھی۔ اب وہ سکون باقی نہ رہا، تو پھر سے بے چین اور بے قرار رہنے لگی، جس کو اکثر سہیل بھی محسوس کرتے تھے، مگر خاموش رہتے تھے اور مجھے کچھ نہ کہتے تھے۔ سہیل نے ایک گھر خرید کر میرے نام کر دیا۔ انہوں نے مجھے بہت کچھ دیا۔ اپنی پینشن میرے نام کر دی۔ انہوں نے مجھ سے بہت محبت کی، مگر مجھے ان سے کبھی محبت نہ ہو سکی۔ ان سے محبت کرنا میرے اختیار میں نہ تھا کیونکہ محبت میں نے ایک بار کی تھی، اپنے پہلے شوہر عالی شان سے۔

میرے بڑے بچے اکثر کہتے کہ اب ابا کو بھول بھی جائیں، وہ مر چکے ہیں۔ جو زندہ ہیں، آپ کا اور ہمارا خیال کرتے ہیں، وہی اب آپ کی محبت کے حق دار ہیں۔ میں نے اپنے دل کو بہت سمجھایا، مگر میرا دل نہیں مانا۔ اللہ جانے یہ میری بدقسمتی تھی کہ پہلے شوہر کے ساتھ بھی اور دوسرے کے ساتھ بھی، میں گوشہِ عافیت ڈھونڈتی ہی رہ گئی، جہاں کوئی اور نہ ہو۔ میرے تصورات کی حسین دنیا، جس میں کوئی محفل نہ ہو، کسی کی مداخلت نہ ہو، میں عالی شان سے باتیں کرتی سو جایا کروں اور وہ میرے خواب میں آ جائیں، لیکن اب ایسا نہیں ہوتا تھا، عالی شان میرے خوابوں میں نہیں آتے تھے۔

آج میں دادی نانی بن چکی ہوں۔ میرا ہر بچہ آرام و سکون سے ہے، مگر میں نے سکون کھو دیا ہے۔ دوسری شادی کر کے بچے پل گئے اور اپنی اپنی منزل پر جا پہنچے، لیکن میری منزل کھو گئی۔ میں دل ہی دل میں سہیل سے بھی شرمندہ ہوتی ہوں۔ ان کو اپنا محسن سمجھتی ہوں۔ جی چاہتا ہے کہ ان کے قدم چھو لوں۔ وہ ایک عظیم انسان ہیں، ایسے لوگ دنیا میں کم ہی ہوتے ہیں، مگر افسوس مجھے خود پر ہے۔ میں آج بھی چاہ رکھتی ہوں کہ مجھے تصورات کی دنیا کا وہ احساس مل جائے کہ میرا عالی شان سے ایک روحانی تعلق جو ٹوٹ گیا، وہ پھر سے جڑ جائے۔ میں اسی تعلق کو دوبارہ پانے کی جستجو میں جی رہی ہوں۔ خدا جانے یہ کیسا راز ہے۔

(ختم شد)  
 
romantic stories
 
اگر کہانی پسند آئی ہو تو فیس بک کمنٹ میں ضرور بتائیں۔ شکریہ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے